ماہ نامہ ’’قومی زبان‘‘

انجمن ترقی اردو کے زیرِ اہتمام ’’ہماری زبان‘‘ کے عنوان سے ایک پندرہ روزہ اخبار کا پہلا شمارہ یکم اپریل۱۹۳۹ء کو دہلی سے شائع ہوا۔ اس اخبار کی ضرورت کے بارے میں مولوی عبدالحق نے فرمایا تھا کہ ’’ہمیں ضرورت تھی کہ لوگوں کو اپنی زبان کی حقیقت، اس کی ہمہ گیری، اس کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ روزمرہ کے بے جا حملوں سے بچائیں اور اس کی بقا کی فکر کریں۔ ارکانِ انجمن، نیز عام طور پر لوگوں کو انجمن کے حالات اور کارگزاریوں سے آگاہ کرتے ہیں… غرض اپنے کہنے اور دوسروں کی سننے کے لیے ہمیں کالی داس کے ’’میگھ دوت‘‘ کی طرح ایک قاصد کی ضرورت تھی جو اس خدمت کو انجام دے۔‘‘ یہ پرچہ شروع سے بہت مقبول ہوا۔

باباے اردو کی پاکستان آمد کے بعد ’’ہماری زبان‘‘ کو ’’قومی زبان‘‘ کے نام سے دوبارہ جاری کیا گیا۔ اس کا پہلا شمارہ یکم جون ۱۹۴۸ء کو شائع ہوا۔ اس بار یہ پندرہ روزہ نہیں، ہفت روزہ کے طور پر جاری ہوا تھا۔ بعد ازاں یہ ہفت روزہ سے ماہ نامہ ہوگیا۔